[ejang]
BACK
محصولات میں اضافے، حکومتی وسائل کی بہتر تقسیم کیلئے پر عزم ہیں ،مشیر خزانہKP
20 ستمبر ، 2024
[Facebook]
[Twitter]
[Whatsapp]
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ)مشیر خزانہ خیبر پختونخوا، ڈاکٹر مزمل اسلم نے صوبے کے شماریاتی بیورو کی صلاحیت میں اضافے اور ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے شہریوں اور کاروباروں کو بہتر خدمات کی فراہمی پر زور دیا ۔ انہوں نے کہ کہ صوبے کے محصولات میں اضافے، بالخصوص تعلیم اور صحت کے شعبوں میں حکومتی وسائل کی بہتر تقسیم کیلئے پر عزم ہیں ۔وہ یہاں پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) کے زیرِ اہتمام قومی نیٹ ورک برائے اقتصادی تھنک ٹینکس (این این ای ٹی ٹی) خیبر پختونخوا چیپٹر کی ایڈوائزری کمیٹی کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ڈاکٹرمزمل نے بجلی کے شعبے کو درپیش مسائل کے حل کیلئے عوامی و نجی شراکت داری پر مبنی حل تجویز کرتے ہوئے صوبے کو سرمایہ کاری کیلئے ایک پرکشش مقام بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔سابق صوبائی وزیر برائے محصولات، صنعت و تجارت اور فنی تعلیم عدنان جلیل نے حکومتی محکموں کی ڈیجیٹلائزیشن کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے حکومتی عمل میں بہتری آئے گی، انہوں نے آئی ایم ایف کے پیکج کے مطابق مستقبل کی پالیسی ریسرچ کی تجویز بھی دی ۔ صوبائی چیف، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز ڈویلپمنٹ اتھارٹی رشید امان نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان روابط کو فروغ دینا چاہئے۔خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر عاکف خان،نیشنل انکیوبیشن سینٹر کے پروجیکٹ ڈائریکٹرعاصم اسحاق ،پشاور ڈویژن کی ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سیکرٹری جنرل نے بھی خطاب کیا۔اجلاس میں ایڈوائزری کمیٹی میں یونیورسٹی آف صوابی، یونیورسٹی آف پشاور، خیبر پختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ، خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، خیبر پختونخوا فنانس ڈیپارٹمنٹ، سینٹر فار گورننس اینڈ پبلک اکائونٹیبلٹی، اور خیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے نمائندے بھی موجود تھے۔
© 2024 SDPI. All Rights Reserved Design & Developed by NKMIS WEB Unit