Urdupoint
Published Date: Nov 25, 2019
https://www.urdupoint.com/daily/livenews/2019-11-25/news-2154525.html
دیہی علاقوں سے شہروںکی طرف بڑھتی ہوئی نقل مکانی آنے والے وقت میں ملک کے لئے بڑا بحران پیدا کرسکتی ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ملک کے وسائل اور فصلوں پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 25 نومبر2019ء) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ دیہی علاقوں سے شہروںکی طرف بڑھتی ہوئی نقل مکانی آنے والے وقت میں ملک کے لئے بڑا بحران پیدا کرسکتی ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ملک کے وسائل اور فصلوں پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی ( ایس ڈی پی آئی ) کے زیرِ اہتمام جنوبی ایشیاء میں ماحولیاتی تبدیلی اور مائیگریشن کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
زرتاج گل نے کہا کہ خصوصاً جنوبی پنجاب سے دیہی علاقوں سے لوگ موسمیاتی تبدیلیوں کے شکار ہیں اور انہوں نے قریبی شہری علاقوں میں نقل مکانی شروع کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بے قابو نقل مکانی کے باعث شہری آبادیوں میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے، جس سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کرنے ہوں گے۔
اس موقع پر ایس ڈی پی آئی کے ایگز یکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر عابد قیوم سلہری نے کہا کہ نقل مکانی ایک عالمی مسئلہ بنتا جا رہا ہے جسے روکا نہیں جا سکتا بلکہ بہتر پالیسی اقدامات کے ذریعے اچھے طریقے سے اس عمل کو منظم کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایک جامع قومی مائیگریشن پالیسی مرتب دی جائے جس میں ماحولیاتی تبدیلیوں سمیت تما م وجوحات کو مدِنظر رکھا جائے جو لوگوں کو نقل مکانی پر مجبور کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نقل مکانی کے جتنے بھی اسباب ہیں حکومت اٴْن وجوہات کو کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔اس موقع پر انٹرنیشنل مائیگریشن پالیسی سینٹر کی کنٹری ڈائریکٹررانا رحیم نے کہا کہ دنیا ایک گلوبل ویلج ہے جہاں نقل مکانی میں آئندہ دنیا بھر میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے اس مسئلہ پر جامع تحقیق کی ضرورت پر زور دیا ۔سیمنیار سے کاشف مجید سالک، مریم شبیر عباسی ، روشاتی داس اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔