Urdu Point
Published Date: Apr 19, 2019
رانے روایتی مغربی سرمایہ داری نظام نے قدرتی ماحول کو تباہ کر دیا ہے‘ 2030ء تک گلوبل درجہ حرارت 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جس کا سنگین اور ناقابلِ تلافی نقصان ہو گا‘ ڈاکٹر پریتم سنگھ
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) آکسفورڈ سکول آف گلوبل اینڈ ایریا سٹڈیز کے پروفیسر ڈاکٹر پریتم سنگھ نے کہا ہے کہ پرانے روایتی مغربی سرمایہ داری نظام نے قدرتی ماحول کو تباہ کر دیا ہے جو آج ہم گلوبل وارمنگ اور بائیو ڈائیورسٹی کے نقصان کی صورت میں بھگت رہے ہیں، یہ سرمایہ داری نظام ماحول کو محفوظ رکھنے اور پائیدار ترقی کو یقینی بنانے میں ناکام رہا ہے لہٰذا ہمیں فوری طور پر ایک متبادل ’’ایکو سوشلسٹ‘‘ ڈویلپمنٹ ماڈل کو اپنانا چاہئے جو ماحول کو محفو ظ رکھے اور پائیدار ترقی کو یقینی بنائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) کے زیر اہتمام ’’عالمی سطح پر سرمایہ داری نظام میں تبدیلیاں اور ایکو سوشلسٹ ڈویلپمنٹ ماڈل‘‘ کے عنوان سے ایک لیکچر کے دوران کیا۔
ڈاکٹر پریتم سنگھ نے کہا کہ سرمایہ داری نظام میں عالمی سطح پر بڑی تبدیلیاں رونماں ہو رہی ہیں جہاں گلوبل کیپٹل ترقی یافتہ ممالک ( جو نسبتاً کم آبادی والے ممالک ہیں) سے منتقل ہو کر ترقی پذیر ممالک (جو بڑی آبادی کے ممالک ہیں) میں جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 1980ء سے 2017ء تک کی مدت میں امریکہ، برطانیہ، جرمنی اور جاپان کی عالمی جی ڈی پی میں شیئر کم ہوئے ہیں جبکہ برازیل، بھارت اورچین کی عالمی جی ڈی پی کے شیئرز میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اسی طرح سرمایہ داری نظام میں مزید توسیع ہوتی رہی اور سلسلہ یوں ہی چلتا رہا تو غیر معمولی ماحولیاتی اور سماجی تباہ کاریوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تجویز کردہ متبادل ’’ایکو سوشلسٹ ڈویلپمنٹ ماڈل‘‘ ایک حقیقی ماحول دوست معیشت اور معاشرے کا تصور دیتا ہے جس پر پالیسی سازوں کو ضرور غور کرنا چاہئے۔ ڈاکٹر پریتم سنگھ نے ماحولیاتی تباہ کاریوں کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ 2030ء تک گلوبل درجہ حرارت 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جس کا سنگین اور ناقابلِ تلافی نقصان ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے پاس اب صرف 11 سال سے بھی کم وقت ہے جس میں فوری اور ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ ایس ڈی پی آئی کے ڈائریکٹر پالیسی ڈاکٹر شفقت منیر نے کہا کہ ترقی پذیر معیشتوں کی اقتصادی پالیسیاں اور ترقی کے ماڈل کو ماحول دوست ہونا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماحول کی حفاظت کے بغیر ہم پائیدار ترقی حاصل نہیں کرسکتے۔