Daily Nawa-i-Waqt
Published Date: Apr 18, 2019
فاٹا انضمام کے سبب غربت اورپسماندگی صوبے کے بڑے چیلنجز ہیں، حفیظ پاش
اسلام آباد(نوائے وقت نیوز) ممتازماہر معاشیات اور سابق و زیرِخزانہ ڈاکٹر حفیظ اے پاشا نے کہا کہ فاٹا کے خیبر پختونخواہ کے ساتھ انضمام کے سبب غربت، پسِ ماندگی اور علاقائی عدم مساوات صوبے کے بڑے چیلنجز ہیں۔ لہذا خیبر پختونخواہ کی صوبائی حکومت کو ایک جامع سماجی تحفظ کا پروگرام تشکیل دینا چاہیے اور غربت اور علاقائی عدم مساوات سے نمٹنے کے لئے ایک سوشل پروٹیکشن اتھارٹی بھی قائم کرنی چاہیے ۔ وہ ان خیالات کا اظہار پشاور میں پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) اور فریڈرک ایبرٹ سٹیفٹنگ (ایف ای ایس) کے مشترکہ ز یرِ اہتمام پری بجٹ مشاورت اور ’ترقی اور عدم مساوات‘ کے عنوان سے کتاب کی رونمائی کے موقع پر سے کر رہے تھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے پسماندہ اضلاع کے لئے صوبائی حکومت ترقیاتی بجٹ میں سے مخصوص رقم مختص کرے ۔ اس موقع پر ایس ڈی پی آئی کے ڈاکٹر وقار احمد، خیبر پختونخواہ پلانگ ڈپارٹمنٹ کے ڈاکٹر ادریس خان، خیبر پختونخواہ کے سیکرٹری ایجوکیشن ارشد خان اور ایف ای ایس کے سینیرایڈوازر عبدلقادر نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔پشاور کے انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز کے ڈاکٹر ایم رفیق ، ریونیواتھارٹی سے فضل امین شاہ، بورڈ ممبرکے پی اکنومک زون عدنان جلیل اور دیگرحکومتی اداروں کے نمائندوں نے بھی اس پری بجٹ میٹنگ میں شرکت کی۔
Source: https://www.nawaiwaqt.com.pk/18-Apr-2019/1006639