اردو ۔ سی
Published Date: Aug 8, 2019
مشال ملک کی مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز صورتحال پر سیاسی اتحاد اور فوری اقدامات کی اپیل
اسلام آباد : حریت رہنما یٰسین ملک کی اہلیہ مشال حسین ملک نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز صورتحال پر متحد ہوجائیں اور پاکستانی عوام سے مطالبہ کیا کہ اپنے گھروں سے باہر نکلیں اور اور بھارتی مظالم کے خلاف پُرزور احتجاج کریں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت محض مذمتی بیانات کا نہیں ، اب سنجیدہ اقدامات اٹھانے کا وقت ہے ۔ وہ ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) کے ز یرِ اہتمام کشمیر کی آئینی حیثیت اور پاکستان کے آپشنز کے حوالے سے ایک سیمینار سے کر رہی تھی ۔ اس موقع پر رومینہ خورشید عالم، جنرل (ر) امجد شعیب ، فرزانہ یعقوب، میجر جنرل (ر) اعجاز حسین اعوان اور ایس ڈی پی آئی سے معظم شریف بھٹی اور ڈاکٹر نیتھلین رینالڈس نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ مشعل ملک نے تہاڑ (ہندوستان) جیل میں زیر حراست اپنے شوہر کی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت مکمل محاصرہ اور کرفیو ہے، اور سڑکوں پر ہر جگہ خون ہی خون ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے کے بعد وادی میں کشمیریوں پر جنگ مسلط کردی گئی ہے، جہاں بے گناہ کشمیریوں کو بے دردی سے قتل کیا جا رہا ہے اور خواتین کو سر عام زیادتی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا بے شرمی سے کشمیریوں کے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو دیکھ رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو ہر سطح پر فوری پالیسی اقدامات کرنے ہونگے ۔ پی ایم ایل این کی ایم این اے، رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ یہ پوری دنیا کے لئے درد و غم کا لمحہ ہے، جہاں بھارتی ریاستی دہشت گردی نے تمام حد یں پار کردی ہیں ۔ میرے نزدیک مسئلہ کشمیر مذہب سے بالاتر انسانیت کا مسئلہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو دبایا نہیں جاسکتا کیوں کہ کشمیریوں نے اس آزادی کی جدوجہد کو اپنا بہت سارا خون دیا ہے، جو رائیگاں نہیں جاسکتا ۔ دفاعی تجزیہ کار جنرل (ر) امجد شعیب نے کہا کہ کمزور سفارتی حکمت عملیوں اور اقدامات کی وجہ سے ہم عالمی برادری کو اپنی قربانیوں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کی کوششوں پر اپنا موقف منوا نا سکے ۔ ہشت گردی میں 70 ہزار سے زیادہ بے گناہ شہریوں کی جان کی قربانی دینے کے باوجود ہندوستان پاکستان کو ایک دہشت گرد ریاست کے طور پر پیش کرنے میں کامیاب رہا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو اپنی سیاسی اور سفارتی کوششوں کو بڑھانا چاہئے ۔ فرزانہ یعقوب، سابق وزیر برائے سماجی بہبود ، آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ کشمیری عوام کو حوصلہ، ہمت اور امید کی ضرورت ہے کہ پاکستان ہمارے ساتھ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جنگی بنیادوں پر اپنی سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانا چاہئے اور ہم سب کو مسئلہ کشمیر پر سیا ست نہیں کرنی چاہیے ۔ کشمیریوں کے پاس لڑنے یا مرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے ۔ دفاعی تجزیہ کار میجر جنرل (ر) اعجاز حسین اعوان نے کہا کہ ہندوستانی حکومت کا آئین کی شق 370 کو منسوخ کرنا ہمارے اور دنیا کے لئے حیرت کا باعث تھا، کیونکہ ہندوستان نے اپنے ہی لوگوں اور بین الاقوامی برادری کو دھوکہ دیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تنازعہ کشمیر تیسری پارٹی کی مداخلت سے ہی حل ہو سکتا کیونکہ انڈیا نے دو طرفہ مذاکرات کا راستہ خود بند کردیا ہے ۔ معظم شریف بھٹی، ڈائریکٹر ایڈوکیسی ، ایس ڈی پی آئی نے بھارتی جارحانہ اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر انسان کشمیریوں کے درد کو محسوس کر رہا ہے، جنہیں بے دردی سے قتل کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے اور سفارتی سطح پر بین الاقوامی برادری کو مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر جھنجھوڑے ۔
Source: https://concepttvurdu.com/?p=3103