روزنامہ نواے وقت
Published Date: May 19, 2020
https://www.nawaiwaqt.com.pk/E-Paper/islamabad/2020-05-19/page-10/detail-49
معاشی سرگرمیوں کوکرونا سے بچانے کیلئے حکومت نے جامع حکمت اختیار کی ، ڈاکٹر عشرت حسین
وزیر اعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا ہے کہ حکومت کورونا وبا کے معیشت پر اثرات اور اس کے نتیجے میں سب سے زیادہ متاثر ہ طبقات کی مشکلات میں کمی کے لیے جامع حکمت عملی بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی معاونت کے لیے بھی کئی اقدامات کیے گئے ہیں تا کہ ملک میں معاشی سرگرمیوں کسی تعطل کے بغیر جاری رکھی جا سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) کے زیر اہتمام’کووڈ19 کے بعد معیشت کا انصرام: وزیر اعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین کے ساتھ کلیدی گفتگو‘ کے زیر عنوان آن لائن مکالمے کے دوران کیا۔ ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا کہ حکومت نے پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی مالی معاونت بہم پہنچانے کا اہتمام کیا جس سے خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والے 80لاکھ خاندان پہلے ہی مستفید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وبا کے باعث معاشی سرگرمیاں رک جانے سے مزید 40لاکھ خاندانوں کے غربت کی سطح سے نیچھ جانے کا خدشہ ہے، جنہیں نقد مالی معاونت کے دائرے میں لایا جائے گا۔ اسی طرح بے روزگار ہونے والے 40لاکھ مزید خاندان بھی مالی معاونت سے مستفید ہو سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو مدد دینے کے علاوہ زرعی شعبے کی بحالی کے لیے بھی اہم اقدامات کر رہی ہے۔ اس ضمن میں چھوٹے کسانوں کو کھاد اور بیج وغیرہ کی خریداری پر سبسڈی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی شعبہ بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع پیدا کر سکتا ہے جس کے پیش نظر اس شعبے کے لیے خصوصی مراعات و ترغیبات کا اعلان کیا گیا ہے۔ ایس ڈی پی آئی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عابد قیوم سلہری نے اس سے قبل اپنی ابتدائی گفتگو میں کہا کہ بحران کی موجودہ صورتحال میں لوگوں کے لیے یہ جاننا بہت اہم ہے کہ حکومت نئے حالات میں کس نوعیت کے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کا تحفظ اور روزگار کا تحفظ دونوں ہی انتہائی اہم معاملات ہیں جن کے حوالے سے متوازن پالیسیوں کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر عشرت حسین نے شرکائ کے سوالات کے جواب میں کہا کہ محصولات کی کمی پوری کرنے کے لیے موجودہ ٹیکس گزاروں پر کوئی نیا بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ جاتی اصلاحات کے حوالے سے وفاقی ملازمین کی استعداد میں اضافے اور تربیت پر توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا سے قبل ہی ای۔گورننس کے ضمن میں خاصی پیشرفت کی جا چکی تھی جسے اب مزید تقویت دی جائے گی۔