روزنامہ نواے وقت
Published Date: Feb 10, 2021
https://www.nawaiwaqt.com.pk/E-Paper/islamabad/2021-02-11/page-10/detail-14
پنشن کے حوالے سے موجودہ قواعد میں فوری اصلاحات کی ضرورت ہے: تیمورخان جھگڑا
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) خیبر پختومخوا کے صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے کہا ہے کہ ہمیں پنشن کے حوالے سے موجودہ قواعد میں تبدیلی اور اصلاحات متعارف کرنے کی اشد ضرورت ہے جس پر بلا تاخیر توجہ دی جانی چاہئے۔ اس امر کااظہار انہوں نے پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) اور پائیدار توانائی اور معاشی ترقی (سیڈ)کے زیر اہتمام ’حکومتی پنشنز اور مستقبل کی معاشی پائیداری‘ کے زیر عنوان مکالمہ کے دوران اپنی گفتگو میں کیا۔ صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ ہمیں سب کے پنشن کے حوالے سے حقوق کا تحفظ یقینی بناتے ہوئے موجودہ قوانین میں اصلاحات لانی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ان اصلاحات سے خیبر پختونخوا میں پچاس لاکھ سرکاری ملازمین کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ریٹائرمنٹ سے متعلق قوانین میں بھی تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔