Press Coverage

اپوزیشن نے ثابت کر دیا اسے عوامی مساءل سے دلچسپی نہیں، شبلی فراز
   اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی + نمائندہ خصوصی) پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) کی ویں23 سالانہ کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی۔ چار روزہ کانفرنس کی مختلف آن لائن نشستوں میں صدر عارف علوی، وفاقی وزرائ، پارلیمانی سیکرٹریز، پارلیمان، سفارتکاروں کے علاوہ ملکی‘ غیر ملکی محققین اور دانشوروں نے پائیدار ترقی پر اظہار خیال کیا۔ کانفرنس کی اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے اپوزیشن کے رویہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن نے اپنے طرز عمل سے ثابت کیا ہے کہ انہیں عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ ہمارے ہمسائیہ میں دنیا کی بڑی جمہوریت ہونے کی دعویدار حکومت آج وباء کے شدید بحران میں اپنی عوام کیلئے نمایاں اقدامات کرنے میں ناکام رہی ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان کے اقدامات کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔ اس موقع پروزیراعطم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا کہ ہمیں اپنے عمل اور فطرت کے درمیان توازن پیدا کرنے کی ضرورت ہے اگر ہم اس میں ناکام رہے تو ہمیں فطرت کے ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا جو نقصان دہ ہو گا۔ سائنس و ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ اسوقت حکومت کی ترجیحات میںزرعی صحت، الیکٹرانکس اور بجلی کی گاڑیاں تیار کرنا شامل ہے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز  نے کہا ہے کہ مسیحی برادری کو کرسمس کے موقع پر مبارکباد دیتا ہوں، ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہونے سے بھائی چارے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ ملتا ہے۔ ریڈیو پاکستان میں کرسمس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کی مذہبی اور ثقافتی اقدار اور حقوق کا تحفظ ریاست کا فریضہ ہے۔ مزید براں ایک ٹویٹ میں شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومتی معاشی ٹیم نے کرونا  وائرس کی وبا کے باوجود معاشی اعشاریئے بہتر قرار دیئے ہیں۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر، وفاقی وزیر اقتصادی امور خسرو بختیار، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود اور دیگر نے ملکی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور کہا گیا کہ معیشت، روزگار اور مہنگائی کے مسائل کو تیزی سے حل کرتے ہوئے عوام کی زندگیوں میں آسانیاں لانا ہماری حکومت کا اول وآخر مقصد اور ہدف ہے۔

Source: https://www.nawaiwaqt.com.pk/E-Paper/islamabad/2020-12-18/page-1/detail-28