Press Coverage

پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول انتہائی ضروری ہے‘ راجہ پرویزاشرف

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ دنیا کو اس وقت موسمیاتی تبدیلی، بھوک، غذائیت کی کمی اور معیاری تعلیم جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے قومی اور علاقائی حکمت عملیوں کا ازسر نو جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے نقصانات کے ازالے کیلئے پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول انتہائی ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں 25 ویں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول پر منعقدہ کانفرنس کے موقع پر جنوبی اور جنوب مغرب میں ایس ڈی جیز کا جائزہ لینے کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے فعال کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے قیمتی جانوں کا ناقابل تلافی نقصان کے ساتھ ساتھ املاک، انفراسٹرکچر، سڑکوں، مکانات، اسکولوں اور بنیادی صحت کے یونٹس کا بھی نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی ڈپلومیسی میں کامیابیاں حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ سپیکر نے وزیراعظم کی معاون خصوصی رومینہ خورشید عالم اور کنوینر SDGs کو SDGs کے حصول کے مقصد کو آگے بڑھانے کے لئے فعال کردار ادا کرنے پر مبارکباد دی۔ رومینہ خورشید عالم نے موسمیاتی ڈپلومیسی کا معاملہ پیش کرنے پر قومی اسمبلی کے سپیکر کی خصوصی توجہ کو سراہا۔