Press Coverage

سیاستدان سیاسی تقسیم کم کرنے کیلئے جمہوری راستے اختیار کریں: صدر

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ سیاستدان سیاسی تقسیم کم کرنے کیلئے جمہوری راستے اختیار کریں۔ افواج آئین کے مطابق اپنے فرائض انجام دینے کیلئے پرعزم ہے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو اسلام آباد میں ’’آزادی کے 75 سال: جامع قومی سلامتی کا حصول‘‘ کے عنوان سے اسلام آباد کانکلیو 2022ء کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ماضی میں سپر پاورز نے باہمی تباہی کا ڈاکٹرائن اپنایا جس نے دنیا کے وسائل کو مزید مہلک ہتھیاروں کے نظام کی تیاری کی طرف موڑ دیا جبکہ ان وسائل کے ایک معمولی حصہ سے دنیا میں غربت اور بھوک کے خاتمے کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو بھی کم کیا جا سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرتا ہے خواہ ان کی سماجی حیثیت، دولت یا اثر و رسوخ کچھ بھی ہو، بغیر کسی امتیاز کے فوری اور سستے انصاف کی فراہمی سے ملک کو تیز رفتار بنیاد پر آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ دریں اثناء  سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ (ایس ڈی پی آئی) کی 25ویں پائیدار ترقی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ہمارے رویوں کا ہدف فضلے میں کمی اور ہماری غیر ضروری خواہشات کو ختم کرنے کی طرف مرکوز ہونا چاہیے، ہم اپنے رویے میں بامعنی تبدیلیاں لا کر معاشی اور مالی مسائل پر قابو پاسکتے ہیں اور خوشگوار زندگی کی مضبوط بنیاد رکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تباہ کن سیلاب کے بعد ہم سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور ملک کے بیشتر حصوں میں سیلاب زدگان کی بحالی کے مرحلے میں داخل ہورہے ہیں۔ ایس ڈی پی آئی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عابد سلہری نے تین روزہ کانفرنس کا مختصر جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں کوویڈ 19، یوکرین جنگ اور موسمیاتی تبدیلی سمیت حالیہ چلینجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل سے متعلق 38 پینلز کے 11 سیشن منعقد ہوئے اور کانفرنس میں بین الاقوامی تنظیموں کے مندوبین نے بھی شرکت کی۔