اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2023ء) نگران وزیر منصوبہ بندی و ترقی محمد سمیع سعید نے کہا ہے کہ حکومت موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجہ میں پیدا ہونے والے چیلنجز اور غذائی تحفظ کیلئے سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی ) کے تحت بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ (ایس ڈی پی آئی ) کے زیر اہتمام 26ویں سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ کانفرنس (ایس ڈی سی ) سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا عنوان "پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے خوراک پر اثرات ‘‘تھا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر منصوبہ بندی نےکہا کہ حکومت موسمیاتی بحران سے بخوبی آگاہ ہے اور ایس آئی ایف سی کے تحت اس مسئلے سے نمٹنے کے لئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں کیونکہ زراعت اس کونسل کے کلیدی شعبوں میں سے ایک ہے۔
نگراں وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ حکومت کی ترجیحات میں بین الاقوامی بہترین طریقوں کے ذریعے پیداوار میں اضافہ کرنا ہے اور کارپوریٹ زراعت کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتا ہے۔
انہوں نے پاکستان میں خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے زرعی طریقوں اور لچک کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے منصفانہ قیمتوں کے تعین اور مہنگائی سے نمٹنے کے لئے حکومت کی جانب سے بنائی جانے والی مختلف کمیٹیوں اور سروے کے ذریعے خوراک کی قیمتوں کی نگرانی میں حکومت کی کوششوں پر روشنی بھی ڈالی۔مزید براں نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضروری اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں اس کمیٹی کا مثبت کردار ہے۔
انہوں نے ادارہ شماریات کی جانب سے ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی کے لئے بنائی جانے والی ایپ کے مثبت کردار کو بھی سراہا جو اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کی سخت نگرانی کرتی ہے جس سے حکومت کو قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔