اسلام آباد( صباح نیوز)ای ایس جی، پائیداری، فن ٹیک اور موسمیاتی مزاحمت 2026“ کے موضوع پر منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) اور شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی، شہید بینظیر آبادنے پائیدار ترقی، تحقیق، تربیت اور علمی تعاون کے فروغ کےلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ اس کانفرنس کا انعقاد شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی کے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن نے کیا تھا۔ کانفرنس میں ماہرین تعلیم، پالیسی سازوں اور صنعت سے وابستہ ماہرین نے شرکت کی اور پائیدار ترقی سے متعلق ابھرتے چیلنجز اور مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔معاہدے پر ایس ڈی پی آئی کی ریسرچ فیلو اور سینٹر آف ایویڈنس ایکشن ریسرچ کی سربراہ ڈاکٹر فریحہ ارمغان اور یونیورسٹی کے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر مدد علی شاہ نے دستخط کئے۔معاہدے کے تحت دونوں ادارے مشترکہ تحقیقی منصوبوں، مشاورتی سرگرمیوں، کانفرنسوں اور علمی تقریبات میں تعاون کریں گے تاکہ پاکستان میں شواہد پر مبنی پالیسی سازی اور جدت کو فروغ دیا جا سکے۔معاہدے کے تحت طلبہ کے لئے انٹرن شپ اور رضاکارانہ مواقع فراہم کئے جائیں گے جبکہ تربیتی پروگرام، مہمان لیکچرز اور فیکلٹی سرگرمیوں کے ذریعے تعلیمی و پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنایا جائے گا۔ یہ شراکت داری جامع اور نمائندہ ترقی کے فروغ کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے اور یہ تعاون خصوصاً سندھ اور پسماندہ علاقوں میں تعلیمی و تحقیقی روابط کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔معاہدے کے مطابق مفاہمتی یادداشت ابتدائی طور پر تین سال کیلئے موثر ہوگی جس میں باہمی رضامندی سے توسیع کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔
© 2026 SDPI. All Rights Reserved Design & Developed by NKMIS WEB Unit