اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2022ء) بیکن ہاؤس گروپ کی بانی اور چیئرپرسن نسرین محمود قصوری کو سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ (ایس ڈی پی آئی) کی جانب سے اعزازی لیونگ لیجنڈ ایوارڈ سے نوازا گیاہے، یہ ایوارڈ پاکستان میں ساڑھے چار دہائیوں کے دوران تعلیمی شعبہ کی ترقی کے لیے ان کے بے مثال کردار کے اعتراف سے دیا گیا ہے۔مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایوارڈ کی تقریب میں میزبانی کے فرائض ایس ڈی پی آئی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عابد قیوم سلہری نے ادا کئے جبکہ مقررین میں سابق گورنر اسٹیٹ بینک اوربیکن ہاؤس نیشنل یونیورسٹی (بی این یو ) کے وائس چانسلر شاہد حفیظ کاردار، معروف آرٹسٹ اور نیشنل کالج آف آرٹس کی سابق ڈین سلیمہ ہاشمی،ماہرنفسیات و ڈائریکٹر Sabaoon پراجیکٹ، ڈاکٹر فریحہ پراچا، سابق وفاقی وزیر اور پلاننگ کمیشن آف پاکستان کے سابق ڈپٹی چیئرمین سرتاج عزیز، سابق ڈین اور ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے ) اورقومی کمیشن برائے حکومتی اصلاحات کے چیئرمین ڈاکٹر عشرت حسین،سابق وزیر خزانہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ،سابق پاکستانی سفیر شفقت کاکاخیل، اقوام متحدہ کے سابق اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل اور ایس ڈی پی آئی کے چیئرپرسن شامل تھے۔تقریب میں ممتاز سفارت کاروں، میڈیا کے نمائندوں اور شعبہ تعلیم سے متعلقہ ماہرین نے شرکت کی۔انسٹیٹیوٹ کی جانب سے سابق سفیر شفقت کاکاخیل نے46برس قبل بیکن ہاؤس اسکول سسٹم کے ذریعے پاکستان میں متعارف کرائے گئے کوالٹی لرننگ سسٹم کی کاوشوں پر نسرین قصوری کو لیونگ لیجنڈ ایوارڈ پیش کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نسرین قصوری نے کہاکہ،”ایس ڈی پی آئی کی طرف سے یہ ایوارڈ میرے لیے باعث اعزاز ہے۔مجھے فخر ہے کہ چار دہائیوں سے زائد عرصہ قبل پاکستانی بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے وژن کے طور پر جو شروع کیا گیا تھا وہ آج معیار کی نئی بلندیوں کو چھو رہاہے۔میں نے زندگی بھر سیکھنے اور سکھانے کا سلسلہ جاری رکھا ہے اور تعلیمی اقدار کوبیکن ہاؤس سے فارغ التحصیل ہونے والے ہزاروں لوگوں تک پہنچایا ہے۔تعلیم کسی بھی قوم کی تعمیر کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہے اور مجھے فحر ہے کہ میں پاکستان کے خوشحال مستقبل میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے ہنر کی فراہمی کے عزم پر کاربند ہوں۔
© 2026 SDPI. All Rights Reserved Design & Developed by NKMIS WEB Unit