اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں انتظامی اصلاحات کا بنیادی مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر بہتر، مؤثر اور بروقت سہولیات کی فراہمی اور طرز حکمرانی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی تنظیم ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام اسلام آباد میں منعقدہ پالیسی ورکشاپ کے پہلے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر رکن قومی اسمبلی نور عالم خان، آسیہ اسحاق صدیقی، ظہور دھریجہ اور سابق ناظم لاہور میاں عامر محمود بھی موجود تھے۔بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ بڑھتی آبادی اور شہروں کے پھیلاؤ کے باعث ملک میں طرز حکمرانی کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے تاہم صرف صوبوں کی تعداد بڑھانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اصل توجہ حکومت کو عوام کے قریب، زیادہ جواب دہ اور مؤثر بنانے پر ہونی چاہیے اور انتظامی اصلاحات کا مقصد تعلیم، صحت، پولیس، اراضی ریکارڈ اور بلدیاتی سہولیات سمیت بنیادی خدمات کی بہتر اور آسان فراہمی ہونا چاہییوفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے آئین کے آرٹیکل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مقامی حکومتوں کو مضبوط اور بااختیار بنا کر بہت سے انتظامی مسائل نئے صوبے بنائے بغیر حل کیے جا سکتے ہیں، جس کے لیے مقامی حکومتوں کو مناسب مالی وسائل، اختیارات اور عوامی خدمات کی ذمہ داریاں دینا ضروری ہے۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پاکستان کو صرف نئے انتظامی نقشوں کے بجائے مضبوط اداروں، بہتر حکمرانی اور عوام کو ان کی دہلیز پر مؤثر خدمات کی فراہمی کی ضرورت ہے۔
© 2026 SDPI. All Rights Reserved Design & Developed by NKMIS WEB Unit