اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2026ء) پاکستان کی بڑھتی ہوئی نوجوان آبادی کو تعلیم، فنی مہارتوں کی ترقی اور روزگار کے حصول کے حوالے سے درپیش چیلنجز کے پیش نظر قومی سطح پر موثر حکومتی پالیسیوں،معاشی مواقع میں اضافے اور قومی فیصلہ سازی میں نوجوانوں کی بامعنی شمولیت کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔قومی یوتھ سمٹ کا انعقاد بدھ کے روز اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے ادارے یو این ایف پی اے پاکستان نے وزیراعظم یوتھ پروگرام اور سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ (ایس ڈی پی آئی) کے اشتراک سے کیا۔قومی یوتھ سمٹ 2026 سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ نوجوانوں پر سرمایہ کاری پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے، پالیسی سازوں کو چاہیے کہ وہ نوجوانوں کی خواہشات اور تجاویز کو عملی پالیسیوں اور روزگار کے مواقع میں تبدیل کریں۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ حکومت آئندہ چند ماہ میں پاکستان کی پہلی قومی نوعمر اور نوجوانوں کی پالیسی متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے جبکہ سال 2027 کو مہارتوں کے سال کے طور پر منانے کا اعلان کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت قومی یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی پر بھی عملدرآمد کر رہی ہےجبکہ نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کی غرض سے ملک کی پہلی مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور سیمی کنڈکٹر پالیسیاں بھی متعارف کرائی گئی ہیں۔رانا مشہود احمد خان کے مطابق وفاقی کابینہ سے منظور شدہ قومی یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا مقصد ہر سال افرادی قوت میں خواتین کی کم از کم 35 فیصد نمائندگی یقینی بنانا اور نوجوان کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ ہر سال نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں کم از کم 10 فیصد حصہ نوجوان کاروباری شخصیات کا ہو۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام چار بنیادی ستونوں تعلیم، شمولیت، روزگار اور ماحولیات پر مشتمل ہے، جس کے تحت انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، فنی تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، آرٹس، ثقافت اور کھیلوں سمیت مختلف شعبوں میں نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔پاکستان میں یو این ایف پی اے کےکنٹری نمائندے ڈاکٹر لوئے شبانہ نے نوجوان رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ محض اپنے خیالات کے اظہار تک محدود نہ رہیں بلکہ بامعنی پالیسی مکالمے میں حصہ لیں اور حکومت، ارکان پارلیمنٹ اور پالیسی سازوں کو ان کی ذمہ داریوں کے حوالے سے جواب دہ بنانے میں کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ سمٹ کا مقصد محض خیالات کا تبادلہ نہیں بلکہ نوجوانوں کو اپنے مستقبل سے متعلق مباحثے کی قیادت کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ پلیٹ فارم صرف مایوسیوں کے اظہار کے لیے نہیں بلکہ امید، مثبت سوچ اور تبدیلی کے عملی راستے تلاش کرنے کے لیے ہے۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ قابل عمل تجاویز پیش کریں اور فیصلہ سازوں تک اپنی توقعات واضح انداز میں پہنچائیں۔ڈاکٹر لوئے شبانہ نے کہا کہ مصنوعی ذہانت تیزی سے طرز زندگی، روزگار کے مواقع اور ابلاغ کے طریقوں کو تبدیل کر رہی ہے، اس لیے پاکستان کے نوجوانوں کو بدلتی ہوئی دنیا کے تقاضوں کے مطابق خود کو تیار کرنا ہوگا۔خواتین کو بااختیار بنانے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین کی صلاحیتوں،مواقع اور قومی سرگرمیوں میں ان کی شرکت پر سرمایہ کاری کے بغیر پاکستان کے ترقیاتی منظرنامے میں تبدیلی ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین ملک کے لیے ایک ایسا موقع ہیں جس سے بھرپور فائدہ نہیں اٹھایا جا رہا۔ نوجوان خواتین رہنماؤں کو صنفی مساوات اور یکساں مواقع کے حصول کے لیے اپنی آواز بلند کرنی چاہیے۔اس موقع پر شرکا کا خیرمقدم کرتے ہوئے ایس ڈی پی آئی کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین شفقت کاکاخیل نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً دو تہائی آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے، اس لیے نوجوان ملک کے مستقبل اور ترقی میں مرکزی اہمیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان تعلیم، اسٹارٹ اپس، رضاکارانہ سرگرمیوں اور ماحولیاتی مہمات کے ذریعے پہلے ہی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں تاہم ان کی تجاویز کو حکومتی پالیسیوں اور فیصلوں میں تبدیل کرنے کے لیے ایک منظم نظام کی ضرورت ہے۔شفقت کاکاخیل نے بتایا کہ سمٹ میں پانچ اہم موضوعات پر مبنی مباحثے منعقد کیے گئے، جن میں آبادیاتی فوائد، تعلیم و ہنر اور روزگار، صحت اور ذہنی آسودگی، موسمیاتی تبدیلی اور آفات سے نمٹنے کی تیاری، جبکہ مالی و سماجی شمولیت، امن و تحفظ، ڈیٹا کے حقوق اور نوجوانوں کے تقاضوں سے ہم آہنگ طرز حکمرانی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان مباحثوں کے نتیجے میں نوجوانوں کا ایک چارٹر آف ڈیمانڈ تیار کیا جائے گا، جسے براہ راست حکومتی قیادت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو عملی سوچ، دیانت داری اور جرات مندی کا مظاہرہ کرنا چاہیے، جبکہ موسمیاتی تبدیلی کے پہلوؤں کو الگ موضوع سمجھنے کے بجائے تمام حکومتی پالیسیوں کا حصہ بنایا جانا چاہیے۔سمٹ کے دوران نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے حکومتی اقدامات اور تعلیم، روزگار، فنی تربیت اور معاشی مواقع کے حوالے سے نوجوانوں کو درپیش مسائل پر مبنی ویڈیوز بھی دکھائی گئیں۔ قومی یوتھ سمٹ 2026 کے نوجوان مندوبین نے 41 نکاتی چارٹر پیش کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ تعلیم، روزگار، فنی مہارتوں، کاروبار، مالی شمولیت، صحت، موسمیاتی تبدیلی اور سیاسی نمائندگی سے متعلق تجاویز کو دو سال کے اندر قانون سازی، پالیسی اصلاحات اور مخصوص بجٹ مختص کرنے کے ذریعے عملی شکل دی جائے۔نوجوانوں کی جانب سے تیار کردہ چارٹر میں حکومت، پارلیمنٹ، نجی شعبے اور ترقیاتی شراکت داروں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ واضح مدت کے ساتھ عملی اقدامات کی یقین دہانی کرائیں۔چارٹر میں اس بات پر زور دیا گیا کہ نوجوانوں کو حکومتی پالیسیوں سے مستفید ہونے والے محض افراد کے بجائے قومی ترقی کے فعال شراکت دار اور فیصلہ سازی میں مؤثر فریق تسلیم کیا جائے۔اس موقع پر سینیٹر جان محمد بلیدی نے کہا کہ نوجوانوں کی جانب سے تیار کردہ سفارشات کو بامعنی بحث اور غور و خوض کے لیے پارلیمنٹ تک پہنچایا جانا چاہیے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ان تجاویز کو سینیٹ اور قومی اسمبلی میں پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست کو نوجوانوں کے لیے معیاری انٹرنیٹ، کمپیوٹرز، جدید فنی تربیت اور ڈیجیٹل معیشت کے ذریعے آمدن حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرنے چاہئیں۔وزیراعظم یوتھ پروگرام کے جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر محمد علی نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی عددی قوت کو پہچانیں اور سیاسی عمل میں فعال کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز نے انتخابات میں حصہ لینے، پارلیمانی نمائندگی حاصل کرنے اور پالیسی سازی پر اثر انداز ہونے کے نئے راستے کھول دیے ہیں۔رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال رئیسانی نے کہا کہ نوجوانوں کو محض مستقبل کے رہنماؤں کے طور پر دیکھنے کے بجائے موجودہ دور کے شہری اور فیصلہ سازی کے فعال شراکت دار تسلیم کیا جانا چاہیے۔انہوں نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ نوجوان امیدواروں کو عام انتخابات میں پارٹی ٹکٹ اور مخصوص نشستوں کے ذریعے آگے آنے کے مواقع فراہم کریں۔رکن قومی اسمبلی مہتاب اکبر راشدی نے کہا کہ قیادت اور سرکاری اداروں میں آنے والے نوجوانوں کے لیے صبر، عملی تجربہ اور قانونی و انتظامی طریقہ کار کی سمجھ بوجھ ضروری ہے تاکہ وہ بہتر انداز میں فیصلے کر سکیں۔چارٹر پیش کیے جانے کے موقع پر رکن قومی اسمبلی اور فوکل پرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام سیدہ آمنہ بتول نے شرکا کو یقین دلایا کہ یہ دستاویز محض سفارشات کا مجموعہ بن کر نہیں رہ جائے گی بلکہ اسے غور و خوض کے لیے پارلیمنٹ اور متعلقہ وزارتوں تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کی تجاویز کو اصلاحات، قانون سازی اور بجٹ مختص کرنے کے عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کے لیے کام کرے گی۔سیدہ آمنہ بتول کے مطابق وزیراعظم یوتھ پروگرام تمام متعلقہ وزارتوں کے ساتھ حکومتی سطح پر مربوط حکمت عملی کے تحت رابطہ کاری کرے گا تاکہ مختلف محکموں کے درمیان عدم رابطے اور الگ الگ کام کرنے کے رجحان کو ختم کرتے ہوئے نوجوانوں کے مطالبات پر مؤثر پیش رفت یقینی بنائی جا سکے۔
© 2026 SDPI. All Rights Reserved Designed and developed by NKMIS WEB Unit