اسلام آباد(کامرس رپورٹر ) وزیر منصوبہ بندی، ترقی ،اصلاحات وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک پاکستان کیلئے کامیاب منصوبہ اور گیم چینجر ہے،سی پیک کے تحت توانائی اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں چین نے مدد کرکے آئرن برادر ہونے کا ثبوت دیا،معیشت کو ریڈ زون سے نکالنے میں کامیاب ہوگئے ہیں ،اب معاشی بحالی پر کام کررہے ہیں،سخت چیلنجز کے باوجود معاشی رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں ، خود ساختہ فلسفیوں کی بنائی ہوئی معاشی ناکامی کی داستان دم توڑ چکی ہے ، سی پیک کی تقریب سے خطاب کرتےہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے 2014 میں سی پیک کے تحت 29 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کو ممکن کرکے دنیا کو حیران کیا تھا، 2013 میں 18سے 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ تھی دہشتگردی عروج پر تھی کوئی سرمایہ کار پاکستان نہیں آنا چاہتا تھا تب چین نے اپنے سرمایہ کاروں کو یہاں بھیج کر دوست ہونے کا ثبوت دیا،آئندہ توانائی منصوبوں میں قابل تجدید توانائی کے منصوبے ہونگے،سولر ونڈ اور ہائیڈرل سے بجلی پیدا کریں گے، ترقی کیلئے پالیسیوں کا تسلسل،سیاسی استحکام اور سماجی وحدت ضروری ہے، حقیقی آزادی کا تصور مضبوط معیشت کے بغیر ممکن نہیں ہے، چینی قیادت نے پاکستان کو محفوظ منزل تسلیم کرتے ہوئےمزید سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کی ہے، چین کے سفیر نوگ رونگ نے کہا کہ سی پیک نے آپکی رہنمائی میں کامیابی حاصل کی،ہمیں فخر ہے کہ سی پیک نے پاکستان کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، زراعت کے شعبے میں تعاون کو مزید بڑھائیں گے، چین کی کمپنوں نے ٹیکنالوجی اور اپنے تجربے کو پاکستان منتقل کیا ہے۔
© 2026 SDPI. All Rights Reserved Design & Developed by NKMIS WEB Unit