زرعی پیداوار اور فوڈ سیکیورٹی کا مستقبل ٹیکنالوجی کی ترقی سے جڑا ہے: ماہرین-7702-News

زرعی پیداوار اور فوڈ سیکیورٹی کا مستقبل ٹیکنالوجی کی ترقی سے جڑا ہے: ماہرین-7702-News-SDPI

SDPI twitter

News


زرعی پیداوار اور فوڈ سیکیورٹی کا مستقبل ٹیکنالوجی کی ترقی سے جڑا ہے: ماہرین

 اسلام آباد( صباح نیوز  ) ماہرین نے پاکستان چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت جدید ٹیکنالوجی پر پاکستانی کاشتکاروں کی ٹیکنالوجی کی منتقلی اور استعداد کار بڑھانے پر توجہ مرکوز کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ وہ یہاں سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ (ایس ڈی پی آئی) میں ”سی پیک کو سبز بنانا: پاکستان میں پائیدار زراعت  کیلئے چین سے سیکھنے” کے عنوان سے پالیسی ڈائیلاگ سے خطاب کر رہے تھے۔سی پیک کے سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر، سابق سی ای او خیبر پختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ ڈاکٹر حسن داؤد بٹ نے اپنے آن لائن خطاب میں کہا کہ زرعی پیداوار اور فوڈ سیکیورٹی کا مستقبل ٹیکنالوجی کی ترقی، بہتر پالیسی اور قیادت پر منحصر ہے۔ تاہم  اگر نجی شعبے کی سربراہی میں زرعی ترقی کی ایک کونسل قائم کر کے اسے چینی ہم منصبوں سے منسلک کیا جاسکے تو اہداف کو تیزی سے حاصل کرنے میں مدد ملے گی کیونکہ چین نے مستقل پالیسیوں، قیادت اور ٹیکنالوجی  کی بدولت زراعت کے شعبے میں بڑے پیمانے پر ترقی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چین سے مختصر، وسط اور طویل مدتی اہداف کی منصوبہ بندی کے بارے میں سیکھنے اور زرعی شعبے میں دانشمندانہ اور بروقت اصلاحات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پائیدار زراعت پر ایس ڈی پی آئی کے مطالعہ کی توثیق کی۔

انہوں نے مصنفین پر زور دیا کہ وہ مطالعہ کی توجہ میں لائیو سٹاک کو ایک جزو کے طور پر شامل کریں تاکہ مارکیٹنگ کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جاسکے۔ریسرچ ایسوسی ایٹ مصباح خان نے”پاکستان میں زراعت کی ترقی پر اسکوپنگ اسٹڈی” کے عنوان سے رپورٹ کے ابتدائی نتائج پر ایک جامع نقطہ نظر پیش کیا۔ رپورٹ میں پاکستان میں درست زراعت اور اس کے چیلنجز، پالیسی انفراسٹرکچر کی رکاوٹوں اور مالی رکاوٹوں پر روشنی ڈالی گئی جبکہ کلائمیٹ اسمارٹ ایگریکلچر پر توجہ دی گئی ہے۔  ایریڈ ایگریکلچر یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر پی ایم اے ایس ڈاکٹر گلشن ارشاد نے اپنی پریزنٹیشن میں اس بات پر روشنی ڈالی کہ چین نے مختلف صلاحیتوں کے کاشتکاروں کی سہولت کے لئے چھوٹے سے بڑے پیمانے پر ٹیکنالوجی حل تیار کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر کاشتکار زرعی کاشتکاری کے جدید تصورات کا خیرمقدم کر رہے ہیں جس سے انہیں اپنی فصلوں کی پیداوار کو بہتر بنانے اور ماحولیاتی نقصان کی وجہ سے مٹی اور ماحولیات پر بوجھ کم کرنے میں مدد ملے گی۔ مکالمے کے بعد وقفہ سوالات کا دورہوا  جس میں شرکاء نے رپورٹ پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

© 2026 SDPI. All Rights Reserved Designed and developed by NKMIS WEB Unit