اسلام آباد (اے پی پی)ماہرین نے مالیاتی شمولیت سے متعلق ایک نئی رپورٹ کے اجراء کے دوران پاکستان میں خواتین کاروباریوں کو درپیش اہم چیلنجوں پر روشنی ڈالی۔ بیان کے مطابق ’’پاکستان میں خواتین کاروباریوں کے لیے مالیاتی شمولیت کو آگے بڑھانا" کے عنوان سے رپورٹ سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ (ایس ڈی پی آئی) نے فریڈرک نومان فاؤنڈیشن کے تعاون سے پیش کی ہے۔ایس ڈی پی آئی کے جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر وقار احمد نے اس بات پر زور دیا کہ تحقیق مالی خواندگی کو بہتر بنانے اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) میں خواتین کے تئیں سماجی رویوں کو تبدیل کرنے کی ایک اہم ضرورت کو ظاہر کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں کریڈٹ اور ریگولیٹری رکاوٹوں جیسے معروف مسائل پر توجہ دی گئی ہے، لیکن ان چیلنجوں کو مؤثر طریقے سے حل کرنے کے لیے حکومت اور نجی دونوں شعبوں کو شامل کرنے کے لیے وسیع تر نقطہ نظر کی ضرورت ہے۔برجٹ لام ایف این ایف کے کنٹری ہیڈ نے خواتین کاروباریوں کی مدد کے لیے پالیسی میں تبدیلیوں اور تعلیمی اقدامات کی اہمیت پر زور دیا، جو پاکستان کی لیبر فورس کا 22 فیصد ہیں لیکن انہیں اکثر نظامی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
© 2026 SDPI. All Rights Reserved Design & Developed by NKMIS WEB Unit